شرعی رہنمائی
روزمرہ مالیاتی امور، فقہ المعاملات المالیہ، اور عملی شرعی سوالات کو فقہی و تجزیاتی انداز میں سمجھنے کے لیے ایک علمی رہنمائی صفحہ۔
میرا اس صفحے کے بنانے کا صرف ایک ہی مقصد ہے، اور وہ ہے اللہ اور اُس کے رسول مکرم و معظم ﷺ کی رضا کا حصول، اور بس۔
ہر دو فرد اور ادارے کی سطح پر بہت سے ایسے سوالات مجھے موصول ہوتے ہیں جن کا تعلق روزمرہ کے مختلف مالیاتی امور سے ہوتا ہے اور اُن میں شرعی رہنمائی کی درخواست کی گئی ہوتی ہے۔ بعض اوقات دارالافتاء کی جانب بھی ایسے سوالات بھیجے جاتے ہیں لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر وہاں سے جواب نہیں آتا۔ تو بعض دوست مجھ سے رابطہ کرتے ہیں کہ انہیں شرعی رہنمائی درکار ہے۔ میں اُنہیں اپنی بساط کے مطابق کبھی زبانی تو کبھی تحریری طور پر رہنمائی کردیتا ہوں۔
میں چونکہ تدریس کے شعبے سے وابستہ ہوں اور فقہ المعاملات المالیہ میرا موضوع ہے، میری دانست میں طلبا اور طالبات میں فقہی رسوخ تبھی پیدا ہوسکتا ہے جب اُن میں تجزیاتی صلاحیت پیدا ہو۔ یونیورسٹی میں بی ایس، ایم ایس اور ڈاکٹریٹ کرنے والے مدارس کے فضلا بھی میری کلاسز میں موجود ہوتے ہیں۔ تخصص فی الفقہ المعاملات المالیہ کے کورس میں بھی مجھے علمائے کرام کو پڑھانے کا موقع ملا ہے۔
اُن کی اس صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے میں نے مناسب سمجھا کہ وہ سوالات جو مجھ سے پوچھے جاتے ہیں، یا ماضی کے وہ فتاویٰ جو کتب میں موجود ہیں لیکن بہت مختصر ہیں اور اپنے اندر فقہی تجزیہ چھپائے ہوئے ہیں، اُن کی تشریح کی جائے کہ کن مباحث سے کس طرح گزر کر مفتی یا فقیہ شرعی حکم تک پہنچا ہے۔ اس صفحے پر موجود سوالات اور جوابات کے مطالعے سے تخصص فی الافتاء، تخصص فی الفقہ المعاملات المالیہ کے علمائے کرام اور اسلامی معاشیات و اسلامی بینکاری کے طلبا و طالبات مستفید ہوں گے اور ان کے اندر تجزیاتی قابلیت (Analytical Skill) پیدا ہوگی۔
اس صفحے پر درج ذیل دو طرح کے سوالات اور جوابات ہوں گے:
- بلاواسطہ وہ سوالات جو مجھ سے پوچھے گئے اور میں نے اُن کے جوابات دیے۔
- ماضی کے وہ فتاویٰ جو مفتیانِ عظام نے دیے لیکن مختصر دیے۔ بیان شدہ مقصد کے پیش نظر میں نے ان کی تسہیل و تشریح کردی۔ اس صورت میں اُس فتویٰ کا عکس اور مکمل حوالہ ساتھ دیا جائے گا۔
ذیل میں وہ ابواب دیے گئے ہیں جن کے متعلق شرعی رہنمائی اور متعلقہ مواد دستیاب ہے:
احکامِ بیع یعنی خرید و فروخت

