تحقیقی مقالہ کے خُطہ کیسے تیار کریں؟
(ایم ایس / پی ایچ ڈی اسلامیات کے طلبہ کے لیے)
ڈاکٹر محمد ابوبکر صدیق
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسلامیات میں تحقیقی کام شروع کرنے سے پہلے یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ ایک مضبوط ریسرچ پروپوزل صرف عنوان منتخب کرنے سے تیار نہیں ہوتا، بلکہ اس کے لیے موضوع کے دائرے کا تعین، تدریجی تخصیص، معیاری لٹریچر کا مطالعہ، سابقہ علمی کام کا تجزیہ، اور تحقیقی خلا کی نشان دہی ضروری ہوتی ہے۔
چنانچہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ درج ذیل مراحل کے مطابق اپنا تحقیقی سفر شروع کریں۔
پہلا مرحلہ ۔ سب سے پہلے اپنے تحقیقی میدان کا تعین کریں
ابتدا میں طالب علم کو یہ طے کرنا چاہیے کہ وہ اسلامیات کے کس بڑے میدان میں تحقیق کرنا چاہتا ہے۔ مثال کے طور پر:تفسیر القرآن؛ علوم القرآن؛حدیث و علوم الحدیث؛فقہ و اصولِ فقہ؛تقابلِ ادیان؛اسلامی عقائد و کلام؛سیرت النبی ﷺ؛اسلامی فکر و تہذیب؛دعوت و ارشاد؛اسلامی سیاسی فکر؛اسلامی معاشرت و اخلاق؛اسلامی تاریخ؛تصوف و احسان؛ معاصر اسلامی مسائل۔
یہ پہلا مرحلہ اس لیے اہم ہے کہ اسی سے طالب علم کے تحقیقی ذوق اور علمی سمت کا تعین ہوتا ہے۔
دوسرا مرحلہ : پھر اس میدان کو مزید محدود کریں
بڑے میدان کے تعین کے بعد اگلا مرحلہ یہ ہے کہ طالب علم اپنے موضوع کو مزید محدود کرے تاکہ تحقیق قابلِ عمل اور واضح بن سکے۔مثلاً اگر کسی طالب علم نے فقہ و اصولِ فقہ کا میدان منتخب کیا ہے تو اب اسے یہ طے کرنا ہوگا کہ وہ کس پہلو پر کام کرنا چاہتا ہے، جیسے:
کسی خاص فقہی مسئلے کا تحقیقی جائزہ-
کسی فقہی قاعدے کا تطبیقی مطالعہ-
کسی ایک فقہی مذہب یا متعدد مذاہب کا تقابلی مطالعہ-
جدید پیش آمدہ مسائل کا شرعی تجزیہ –
اصولِ فقہ کے کسی خاص اصول کا تحقیقی مطالعہ-
اسی طرح اگر کسی نے تفسیر کا میدان منتخب کیا ہے تو وہ مزید تخصیص کر سکتا ہے، مثلاً
کسی ایک مفسر کی منہجِ تفسیر-
کسی خاص موضوع کی قرآنی تحقیق-
آیاتِ احکام کا مطالعہ-
تفسیر بالمأثور اور تفسیر بالرأی کا تقابلی جائزہ-
معاصر تفسیری رجحانات کا مطالعہ-
یاد رہے کہ وسیع موضوع تحقیق کو کمزور کر دیتا ہے، جبکہ محدود اور واضح موضوع تحقیق کو مضبوط بناتا ہے۔
تیسرا مرحلہ: اپنے تحقیقی کام کی نوعیت واضح کریں
اسلامیات میں نظری یا معیاری تحقیق کرنے والے طالب علم کو ابتدا میں ہی یہ بات واضح کر لینی چاہیے کہ اس کا کام کس نوعیت کا ہوگا۔ مثلاً
خالص نظری / علمی مطالعہ-
تجزیاتی مطالعہ-
تنقیدی مطالعہ-
تقابلی مطالعہ-
موضوعاتی مطالعہ-
منہجی مطالعہ-
تطبیقی مطالعہ-
کسی شخصیت، مکتبِ فکر یا علمی روایت کا جائزہ-
اس مرحلے پر طالب علم کو یہ فیصلہ کرنا چاہیے کہ آیا وہ
کسی مسئلے کی شرعی و علمی توضیح کرنا چاہتا ہے-
یا کسی علمی روایت کا تنقیدی جائزہ لینا چاہتا ہے-
یا مختلف آراء کا تقابلی مطالعہ کرنا چاہتا ہے-
یا کسی معاصر مسئلے کو اسلامی نصوص اور علمی ذخیرے کی روشنی میں سمجھنا چاہتا ہے۔-
چوتھا مرحلہ: کم از کم 10 معیاری تحقیقی مقالات/ابواب کا مطالعہ کریں
موضوع کے ابتدائی انتخاب کے بعد طالب علم کو چاہیے کہ وہ کم از کم 10 معیاری تحقیقی مقالات، جرنل آرٹیکلز، یا مستند متعلقہ علمی ابواب کا مطالعہ کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ کتب، کلاسیکی مصادر، معاصر تحقیقات، اور جامعاتی تھیسز بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔
اس مطالعے کا مقصد صرف حوالہ جات جمع کرنا نہیں ہونا چاہیے، بلکہ یہ دیکھنا چاہیے کہ
اس موضوع پر پہلے کیا کام ہو چکا ہے-
کن پہلوؤں پر زیادہ گفتگو ہوئی ہے-
کن پہلوؤں کو نظر انداز کیا گیا ہے-
کن اہلِ علم کی آراء زیادہ اہم ہیں-
اختلافِ رائے کی اصل بنیاد کیا ہے-
اور موجودہ دور میں اس موضوع کی علمی اہمیت کیا ہے-
پانچواں مرحلہ: مطالعے کے دوران یہ دیکھیں کہ مصنف اپنا موضوع کیسے قائم کرتا ہے
ان تحقیقی مقالات اور ابواب کو پڑھتے وقت طلبہ کو صرف مواد جمع نہیں کرنا چاہیے، بلکہ انہیں یہ بھی غور سے دیکھنا چاہیے کہ ایک اچھا محقق اپنا مقدمہ کیسے تعمیر کرتا ہے۔ خاص طور پر درج ذیل پہلوؤں پر توجہ دی جائے
عنوان اور موضوع کے انتخاب پر توجہ
مصنف نے عنوان کس انداز سے قائم کیا؟-
کیا عنوان واضح، محدود اور علمی ہے؟-
کیا عنوان اپنے اندر پورے کام کی جہت سموئے ہوئے ہے؟-
تمہید یا تعارف کے انداز پر توجہ
مصنف نے موضوع کا آغاز کیسے کیا؟-
ابتدا میں مسئلے کی اہمیت کس طرح واضح کی؟-
کیا اس نے پس منظر مناسب انداز میں دیا؟-
مسئلے کی تشکیل پر توجہ
مصنف نے اصل مسئلہ کیسے بیان کیا؟-
موضوع کو سوال کی صورت میں کیسے ڈھالا؟-
اس نے یہ کیسے واضح کیا کہ یہ موضوع تحقیق کے لائق کیوں ہے؟-
تحقیق کے مقاصد کی ترتیب
مقاصد کس انداز سے لکھے گئے ہیں؟-
کیا وہ مختصر، واضح اور باہم مربوط ہیں؟-
کیا ہر مقصد بعد میں تحقیق کے متن میں پورا بھی کیا گیا ہے؟-
لٹریچر ریویو / سابقہ کام کے جائزے کا طریقہ
مصنف نے سابقہ علمی کام کو کس ترتیب سے پیش کیا؟-
کیا صرف نام گنوائے گئے ہیں یا علمی تجزیہ بھی کیا گیا ہے؟-
کیا سابقہ کام سے اپنا تحقیقی خلا واضح کیا گیا ہے؟-
منہجِ تحقیق کی وضاحت
مصنف نے اپنا تحقیقی منہج کیسے بیان کیا؟-
کیا واضح کیا کہ تحقیق تجزیاتی ہے، تقابلی ہے، موضوعاتی ہے یا تنقیدی؟-
کیا اس نے اپنے مصادر اور طریقۂ استدلال کی وضاحت کی؟-
دلائل اور استدلال کی ترتیب
مصنف نے دلائل کس ترتیب سے پیش کیے؟-
قرآن، حدیث، آثار، اقوالِ فقہاء، اور معاصر آراء کو کس توازن کے ساتھ استعمال کیا؟-
کیا استدلال مضبوط، مربوط اور علمی ہے؟-
مباحث کی تنظیم
ابواب اور عناوین کس منطق کے ساتھ مرتب کیے گئے؟-
کیا ہر بحث اپنے ماقبل اور مابعد سے مربوط ہے؟-
کیا غیر ضروری تکرار سے بچا گیا ہے؟-
نتائج اور خلاصے کی پیش کش
مصنف نے اپنے نتائج کس انداز سے اخذ کیے؟-
کیا نتائج تحقیق کے مقاصد سے ہم آہنگ ہیں؟-
کیا آخر میں سفارشات، علمی فوائد، یا آئندہ تحقیق کے امکانات بھی بیان کیے گئے ہیں؟-
یہ مشق طلبہ کے لیے نہایت مفید ہے، کیونکہ اس سے وہ صرف مواد نہیں پڑھتے بلکہ تحقیق لکھنے کا اسلوب بھی سیکھتے ہیں۔
چھٹا مرحلہ: تحقیقی خلا تلاش کریں
جب طالب علم مناسب حد تک مطالعہ کر لے تو اس کے بعد اسے یہ معلوم کرنا چاہیے کہ اس موضوع میں اس کا اپنا حصہ کیا ہوگا۔ یعنی
ایسا کون سا پہلو ہے جس پر کم گفتگو ہوئی ہے؟-
کیا کسی مسئلے پر بکھری ہوئی بحث موجود ہے مگر منظم تحقیق نہیں؟-
کیا کلاسیکی اور معاصر آراء کے درمیان ربط پیدا کرنے کی ضرورت ہے؟-
کیا کسی معاصر مسئلے پر اسلامیات کے تناظر میں سنجیدہ علمی کام کم ہے؟-
کیا کسی خاص شخصیت، کتاب، مکتبِ فکر یا منہج پر جامع مطالعہ موجود نہیں؟-
تحقیقی خلا تلاش کیے بغیر موضوع اکثر محض تکرار بن جاتا ہے۔ اس لیے ہر طالب علم کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ اس کی تحقیق پہلے سے موجود لٹریچر میں کیا اضافہ کرے گی۔
ساتواں مرحلہ: تحقیق کا عنوان آخر میں طے کریں
اکثر طلبہ ابتدا ہی میں ایک لمبا اور پُرکشش عنوان بنا لیتے ہیں، مگر بعد میں معلوم ہوتا ہے کہ نہ تو اس کے لیے مناسب مواد میسر ہے اور نہ ہی اس کا دائرہ واضح ہے۔ اس لیے بہتر طریقہ یہ ہے کہ
پہلے میدان منتخب کریں-
پھر موضوع محدود کریں-
پھر معیاری مطالعہ کریں-
پھر تحقیقی خلا معلوم کریں-
اور اس کے بعد عنوان طے کریں-
ایک اچھے عنوان میں یہ اوصاف ہونے چاہییں
واضح ہو-
مختصر مگر جامع ہو-
غیر ضروری طوالت سے پاک ہو-
تحقیقی نوعیت کو ظاہر کرتا ہو-
دائرۂ کار متعین کرتا ہو-
مثال 1: فقہی موضوع
بڑا میدان: فقہ و اصولِ فقہ-
محدود موضوع: معاصر مالی معاملات میں غرر-
نوعیت: تجزیاتی / تقابلی-
ممکنہ عنوان:معاصر مالی معاملات میں غرر کا فقہی تجزیہ: کلاسیکی اصول اور جدید تطبیقات–
مثال 2: تفسیری موضوع
بڑا میدان: تفسیر-
محدود موضوع: مقاصدِ شریعت اور تفسیرِ قرآن-
نوعیت: موضوعاتی / تحلیلی-
ممکنہ عنوان: مقاصدِ شریعت کی روشنی میں آیاتِ احکام کا مطالعہ–
طلبہ کے لیے اہم نصیحت
موضوع صرف اس وجہ سے نہ منتخب کریں کہ وہ بظاہر اچھا لگ رہا ہے، بلکہ یہ دیکھیں کہ
موضوع علمی لحاظ سے اہم ہو-
اس پر مستند مواد دستیاب ہو-
اس کا دائرہ بہت زیادہ وسیع نہ ہو-
اس میں واقعی تحقیقی گنجائش موجود ہو-
وہ آپ کی علمی استعداد اور وقت کے مطابق ہو-
یاد رکھیں
کمزور تحقیق مبہم موضوع سے شروع ہوتی ہے، جبکہ مضبوط تحقیق واضح سمت، سنجیدہ مطالعے، اور منظم منصوبہ بندی سے شروع ہوتی ہے۔






ماشاءاللہ مفید راہنمائی
Masha Allah